مکہ مسجد کی بالائی چھت بری طرح متاثر ، پانی سے نقصانات کے تحفظ کی ضرورت

آثار مبارک کی عمارت اور مقبرہ بھی متاثر ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر کا آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی نگہداشت میں حکومت اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی لاپرواہی کے نتیجہ میں مسجد کی چھت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ اس تاریخی مسجد کی چھت نہ صرف بوسیدہ ہوچکی ہے بلکہ چھت کا کچھ حصہ حالیہ عرصہ میں گر پڑا۔ اس صورتحال کا انکشاف آج اس وقت ہوا جب ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ مکہ مسجد کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیدار بھی یہ دیکھ کر حیرت میں پڑ گئے کہ مسجد کی چھت کا اوپری حصہ مخدوش ہوچکا ہے اور بارش کا پانی باآسانی چھت سے گذر کر مسجد کے اندرونی حصہ میں دیواروں اور چھت کو متاثر کررہا ہے۔ اگر اس جانب فوری توجہ نہیں دی گئی تو مانسون کے آغاز کے بعد چھت مزید متاثر ہوسکتی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی توجہ دہانی پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں نے تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں فوری ایکشن پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اندرون ایک ہفتہ تعمیری کاموں کے سلسلہ میں منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس کام پر ایک کروڑ روپئے سے زائد کا خرچ آئے گا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے واضح کردیا کہ اگر تاریخی عمارتوں کی نگہداشت سے متعلق بجٹ سے اس کام کی تکمیل نہیں کی جائے تب بھی محکمہ اقلیتی بہبود حکومت سے اس رقم کی منظوری حاصل کرے گا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ایڈیشنل ڈائرکٹر انجینئرنگ وِنگ وی دسرتھ، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا میں کنسلٹنٹ اور ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر عظیم عثمانی اور کنزرویشن اسسٹنٹ محمد علیم نے مکہ مسجد کی چھت اور اندرونی حصوں کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران پتہ چلا کہ مسجد کی اوپری چھت بری طرح متاثر ہوچکی ہے اور اسے پانی سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں نے بتایا کہ چھت کو پانی سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی ٹکنالوجی سے تیار کیا جانے والا مادہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے تقریباً 100برس تک کسی بھی نقصان سے محفوظ رہتی ہے۔ چھت محفوظ کرنے سے ساری عمارت کا تحفظ ہوگا۔ اس کے علاوہ مسجد کے صحن میں آثار مبارک سے متعلق عمارت اور مقبرہ میں بھی چھت سے پانی اُتر رہا ہے جس کے اثر کے تحت چھت کے بوسیدہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں جگہ جگہ نہ صرف پانی اُترنے سے چھت متاثر ہورہی ہے بلکہ ایک حصہ میں گچی کا بڑا ٹکڑا نیچے گرپڑا۔ حکام نے کہا کہ اس جانب فوری توجہ کی ضرورت ہے تاکہ چھت کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔ آثار مبارک کی عمارت کی چھت اور مقبرہ کی چھت کی مرمت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں پرندوں کے گھونسلے موجود ہیں جس کے باعث گندگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو فوری صفائی کا کام انجام دینے کی ہدایت دی۔ مکہ مسجد میں موجود بیت الخلاؤں کی از سر نو تعمیر اور ان کی صفائی کا موثر انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ مسجد کے صحن میں کبوتروں کیلئے دانہ ڈالنے کے سبب جگہ جگہ بڑے سوراخ بن چکے ہیں جو گھونسوں اور چوہوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں، ان بڑے سوراخوں کے سبب مسجد کی سیڑھیوں کے پاس فرش متاثر ہوگیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اگر ان سوراخوں کو فوری بند نہیں کیا گیا تو پانی اُن میں داخل ہوگا جس سے مسجد کی بنیادیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ جلال الدین اکبر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مسجد کے باب الداخلہ کے داہنی جانب موجود چبوترے کو دانہ ڈالنے کی جگہ مقرر کریں اور عوام کو صحن اور سیڑھیوں کے پاس دانہ ڈالنے سے روکا جائے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں نے مشورہ دیا کہ دانہ ڈالنے کی جگہ کو فوری تبدیل کرتے ہوئے بنیادوں کو خطرے سے بچایا جاسکتا ہے۔ زائد اسٹاف کو متعین کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں عوام کو مسجد کے مختلف حصوں میں پرندوں کیلئے دانہ، روٹی اور دیگر اشیاء ڈالنے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی صورت میں مسجد کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے مسجد کی صفائی اور بیت الخلاؤں کی صفائی کا کام خانگی اداروں کے حوالے کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ خانگی ادارے جوابدہی کے احساس کے ساتھ کام کرسکیں۔ مسجد میں 8مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی ملازمین نے نمائندگی کی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سسٹم کو تبدیل کرتے ہوئے عصری سسٹم حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ اندرون ایک ہفتہ تعمیر و مرمت کے کام کا تخمینہ تیار کرلیا جائے گا۔