حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز ) محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد اورشاہی مسجد کے ملازمین ،سکیوریٹی گارڈز اور مکہ مسجد میں خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈز کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 55 لاکھ 86 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 27 جاری کیا۔ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال اقلیتوں کی معاشی صورتحال اور ان کی ترقی سے متعلق اسکیمات کے جائزہ کیلئے 3 کروڑ 81 لاکھ 97 ہزار روپئے مختص کئے تھے۔
ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے حکومت سے درخواست کی کہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی نگہداشت کیلئے 88 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں تا کہ دونوں مساجد کی آہک پاشی ، تزئین نو ،سی سی کیمرے اور برقی چارجس کی تکمیل کی جاسکے ۔حکومت نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد جی او آر ٹی 51 میں ترمیم کا فیصلہ کیا تا کہ دونوں مساجد کے ملازمین اور مکہ مسجد کے ہوم گارڈز کی تنخواہیں ادا کی جاسکے ۔ڈسٹرکٹ مائناریٹی آفیسر حیدرآباد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یہ رقم حاصل کرکے ملازمین کی تنخواہیں اور بقائے ادا کریں۔
واضح رہے کہ مکہ مسجد میں سکیوریٹی کی خدمات انجام دینے والے تقریبا 15 سے زائد ہوم گارڈز مقررہ وقت پر تنخواہ سے محروم ہیں۔ دیگر ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہ ادا کردی جاتی ہے لیکن مکہ مسجد کے ہوم گارڈز کی تنخواہوں کی ادائیگی میں 10 تا 15 دن کی تاخیر ہورہی ہے۔اس تاخیر کے باعث ہوم گارڈز کو کئی ایک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔