مکہ مسجد میں ٹی آر ایس کے مسلم قائدین کی نماز شکرانہ کی ادائیگی

تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مسلمانوں کی خوشحالی کیلئے دعائیں

حیدرآباد۔23فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے اقلیتی قائدین نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی منظوری پر آج تاریخی مکہ مسجد میں نماز شکرانہ ادا کیا۔ صدر ٹی آر ایس اقلیتی سیل جناب محمد محمود علی رکن قانون سازکونسل کی قیادت میں ٹی آر ایس پولیٹ بیور ورکن سید ابراہیم‘ صوفی سلطان قادری‘ صدر علماء کونسل ورنگل جناب یوسف زاہد ‘محمد منیر‘رحیم اللہ خان نیازی‘ محمد اعجاز‘ محمد یوسف‘ طیب خلیدی‘ محمدعارف‘ عمر بن قاسم‘ وحید ایڈوکیٹ‘ عبدالمقید چندہ کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس کے مسلم قائدین نے مکہ مسجد میں انفرادی طور پر نمازشکرانہ ادا کیااور مصلیان مسجد میںمٹھائی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر جناب یوسف زاہد نے فرقہ وارانہ ہم اہنگی والے تلنگانہ جس میں مسلمانوں کی جان ومال کی حفاظت کے ساتھ مسلمانوں کو بھی دیگر طبقات کے ساتھ ترقی کے یکساں مواقعوں کے لئے بارگاہ ِ الہی میں دعائیں کی۔ صوفی سلطان قادری نے اپنی دعاء میں آصف جاہی دور کی بازیابی اور تلنگانہ کی فرقہ وارانہ ہم اہنگی کی بحالی کے لئے دعائیں کی۔

بعد ازاں جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ ریاست چارکروڑ عوام کا دیرینہ خواب تھا جس کو پورا کرنے کے لئے تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے سربراہ کے چندرشیکھر رائو نے بیشمار قربانیاں دیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ 2001میں تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے قیام بھی اسی مقصد سے عمل میں لایا گیا تھا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کے ذریعہ تلنگانہ کی خوشحالی کو حاصل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان پچھلے ساٹھ سالوں سیما آندھرا قائدین کی زیادتیوں کے سبب معاشی پسماندگی کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر رائو نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کو پورا کرنا بھی تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ ضابطے کی تکمیل کے بعد سے سب سے پہلا کام تلنگانہ میںمسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں کی معاشی پریشانیوں کو دور کیاجائے گا۔ بعدازاں ٹی آر ایس قائدین نے آصف جاہ ششم کی مزار پر بھی گلہائے عقید ت پیش کیا۔