جلسہ یوم القرآن کے لیے مقامی جماعت کو تین جلسوں کا الاٹمنٹ ممکن
حیدرآباد ۔ 15۔ جون (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران تاریخی مکہ مسجد میں ہر جمعہ کو جلسہ یوم القرآن کے سلسلہ میں حکومت کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے تجاویز روانہ کی گئی ہیں۔ جاریہ سال رمضان المبارک کے دوران پانچ جمعے آرہے ہیں اور انہیں مختلف جماعتوں میں تقسیم کردیا گیا ۔ حکومت کو پیش کردہ تجویز کے مطابق 3 جمعے مقامی سیاسی جماعت کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ ایک جمعہ مجلس بچاؤ تحریک اور ایک جمعہ سنی علماء بورڈ کو روایت کے مطابق الاٹ کیا جائے گا۔ الاٹمنٹ کے سلسلہ میں بہت جلد احکامات کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ رمضان المبارک کا پہلا جمعہ مجلس کو الاٹ کیا جائے گا جبکہ دوسرا سنی علماء بورڈ اور تیسرا مجلس بچاؤ تحریک کو الاٹ ہوگا۔ چوتھا اور پانچواں جمعہ مجلس کو الاٹ ہوگا۔ اس طرح پانچ جمعہ میں تین مقامی سیاسی جماعت کو الاٹ ہوں گے ۔ حکومت سے بہتر روابط اور مختلف مسائل میں حکومت کی حلیف جماعت کا رول ادا کرنے کے سبب مقامی جماعت کو تین جلسوں کی اجازت دی گئی ہے۔ مکہ مسجد میں نماز تراویح سلسلہ میں بھی حفاظ کو قطعیت دیدی گئی۔ چاند رات سے پہلے دہے میں حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ مولانا قاری عبداللہ قریشی الازہری نگرانی کریں گے۔ دوسرے دہے میں حافظ محمد عثمان روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ تیسرے دہے کے آغاز پر حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ پانچ پارے سنائیں گے۔ آخری تین دنوں میں مکہ مسجد کے مؤذنین نماز تراویح میں روزانہ دس پارے سنائیں گے۔