مکہ مسجد میں مختلف جماعتوں و تنظیموں کو جلسوں کی اجازت

پہلا اور آخری جمعہ مجلس کو ‘ دوسرا جمعہ سنی علما بورڈ کو اور تیسرا جمعہ مجلس بچاؤ تحریک کو الاٹ
حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے رمضان المبارک کے دوران تاریخی مکہ مسجد میں یوم القرآن کے سلسلہ میں مختلف جماعتوں اور تنظیموں کو جلسوں کی اجازت دی ہے۔ 4 جمعہ کے پیش نظر یوم القرآن کے سلسلہ میں مقامی سیاسی جماعت کو 2 جمعہ الاٹ کئے گئے۔ سکریٹریری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جمعہ الاٹمنٹ کے سلسلہ میں جی او آر ٹی 138 جاری کیا۔ جمعہ 2 جون اور جمعہ 23 جون مجلس کو الاٹ کئے گئے۔ دوسرا جمعہ یعنی 9 جون کو آل انڈیا سنی علماء بورڈ کو الاٹ کیا گیا۔ تیسرا جمعہ یعنی 16 جون مجلس بچاؤ تحریک کو الاٹ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے جلسہ کے انعقاد کے سلسلہ میں ہمیشہ کی طرح بعض شرائط جاری کی ہیں جس کے تحت جلسہ کے اوقات 2 گھنٹے مقرر کئے گئے۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں باکس ٹائپ کے دو اسپیکرس کا استعمال کیا جائے، جلسہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے کیونکہ رمضان المبارک خالص مذہبی معاملہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ضروری انتظامات کریں۔ واضح رہے کہ جاریہ سال ٹی آر ایس کے ایک کارکن اے ایس راؤ نے تیسرا جمعہ الاٹ کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔ اس درخواست کو سکریٹری اقلیتی بہبود نے محکمہ پولیس سے رجوع کیا۔ تاہم بتایا جاتاہے کہ پولیس کی جانب سے کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔