مکہ مسجد میں ماہ رمضان کے پہلے دہے کے اختتام پر باران رحمت کیلئے خصوصی دعائیں

ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی شرکت، علماء کرام و مشائخ عظام سے بھی شرکت کی اپیل

حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) شہر کی تاریخی مکہ مسجد میں 9رمضان المبارک کو پہلے دہے کے اختتام پر رحمت باراں کیلئے خصوصی دعاء کی جائے گی۔ خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری عبداللہ قریشی الازہری بارش کیلئے خصوصی دعاء کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ مکہ مسجد میں رمضان کے پہلے دہے میں روزانہ تراویح میں 3پارے سنائے جاتے ہیں اور 9 رمضان بروز منگل ختم قرآن ہوگا۔ ختم قرآن کے بعد بارش کیلئے خصوصی دعاء کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر نے علمائے کرام و مشائخ عظام سے خصوصی دعاء میں شامل ہونے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے آغاز کے باوجود بارش نہ ہونے سے عوام بالخصوص دیہی علاقوں میں کسان پریشان ہیں۔ عام طور پر جون کے دوسرے ہفتہ سے مانسون کا آغاز ہوجاتا ہے لیکن تقریباً ایک ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک رحمت الٰہی کا نزول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بارش نہ ہونے کے سبب ایک طرف کسان پریشان ہیں تو دوسری طرف اس سے برقی کی پیداوار بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ تلنگانہ حکومت برقی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور پڑوسی ریاستوں سے برقی کی خریدی کا فیصلہ کیا گیا۔ محمود علی نے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا دہا رحمتوں کا ہے لہذا مسلمانوں کو اس موقع پر باران رحمت کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے رحمت الٰہی کے نزول کی امید کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک تعالیٰ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کی برکت سے روزہ داروں کی دعاؤں کو رد نہیں کرے گا۔ انہوں نے تمام مساجد کے ائمہ کرام اور خطیب حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ روزانہ تراویح کے بعد بارش کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی کمی کی صورت میں نہ صرف زراعت کیلئے مسائل پیدا ہوں گے بلکہ پینے کے پانی کی سربراہی میں بھی دشواری ہوسکتی ہے۔ جناب محمود علی نے عامتہ المسلمین سے بھی مؤدبانہ اپیل کی کہ وہ اپنی عبادتوں اور خاص طور پر افطار اور سحر کے موقع پر بارش کیلئے خصوصی دعاء کریں۔اسی دوران مکہ مسجد میں مصلیوں کی سہولت کیلئے اس مرتبہ خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ رمضان کی ابتداء میں انتظامات میں کئی خامیاں تھیں تاہم اس سلسلہ میں اخبارات کی جانب سے حکام کو توجہ دلانے کے بعد تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے عہدیداروں کو سخت ہدایات جاری کی تھیں جس کے بعد افطار اور تراویح میں نہ صرف مسجد کے صحن میں روشنی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں بلکہ مصلیوں کیلئے صاف پینے کے پانی کا جگہ جگہ انتظام کیا گیا ہے۔ موسم گرما کے باعث مصلیوں کیلئے ٹھنڈے پانی کا انتظام کسی نعمت سے کم نہیں۔ جناب محمود علی نے کہا کہ پیشرو حکومتوں نے آج تک مکہ مسجد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اس قدر توجہ نہیں دی تھی جس طرح کہ ٹی آر ایس حکومت نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف مصلیوں کی جانب سے انہیں ٹیلی فون کالس موصول ہورہے ہیں جس میں مکہ مسجد کے انتظامات کی ستائش کی جارہی ہے۔