مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے موثر انتظامات کی ہدایت

اے کے خان کا دورہ، چھت کی تعمیر کے بعد نئی جائے نمازوں کو بچھایا جائیگا
حیدرآباد۔3 مئی (سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا اور رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اقلیتی بہبود اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ اے کے خان نے رمضان المبارک میں افطار اور تراویح کے موقع پر فرزندان توحید کے لیے فراہم کی جارہی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مسجد میں صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ روزہ داروں کے لیے صاف پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ طہارت خانوں کی صفائی کے لیے ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے سلسلہ میں زائد اسٹاف کو متعین کیا جائے گا۔ انہوں نے مسجد کے صحن میں نصب کردہ شیڈ اور خواتین کے لیے شامیانوں کی تنصیب کا جائزہ لیا۔ اے کے خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد مسجد کے چھت کے کاموں کی تکمیل جنگی خطوط پر انجام دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چھت کی مرمت کے کاموں کے سبب مسجد کے اندرونی حصہ میں جائے نمازوں کی تنصیب اور دیگر کاموں کو موخر کردیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران لائوڈ اسپیکر کا انتظام کسی نقائص کے بغیر رہے گا۔ الیکٹریسٹی سے متعلق عملہ 24 گھنٹے دستیاب رہے گا۔ مکہ مسجد کے چھت کے تعمیری کاموں کے سلسلہ میں تیار کیے جانے والے خصوصی مٹیرئل کا اے کے خان نے معائنہ کیا اور کنٹراکٹر سے بات چیت کی۔ اسی دوران سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ مسجد کی جائے نمازوں کے سلسلہ میں 66 لاکھ کا آرڈر دیا گیا ہے۔ تاہم چھت کے کام کی وجہ سے نئی جائے نمازیں بچھانے کا کام روک دیا گیا۔ کیوں کہ چھت کے کام سے کارپٹ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ لہٰذا چھت کے کام کی تکمیل کے بعد اندرونی حصہ میں کارپٹ بچھائی جائے گی۔ حیدرآباد کے ایک ادارے کو یہ کنٹراکٹ دیا گیا ہے۔ حکومت نے مسجد کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے کا جو بجٹ مختص کیا ہے اس میں نیا اور عصری لائوڈ اسپیکر سسٹم بھی شامل ہے۔