مکہ مسجد میں جمعیتہ علماء کے جلسہ کی اجازت منسوخ

حیدرآباد۔/9جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے 12جنوری کو مکہ مسجد میں جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کو جلسہ سیرت محسن انسانیت ؐ کی اجازت کو منسوخ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج احکامات جاری کرتے ہوئے جمعیتہ العلماء، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد، سٹی پولیس کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر چارمینار کو اس کی اطلاع دی ہے۔ واضح رہے کہ 2جنوری کو جمعیتہ علماء کو مکہ مسجد میں جلسہ عام کی اجازت دی تھی۔ کمشنر اقلیتی بہبود نے 7جنوری کو سکریٹری اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ جوائنٹ کمشنر پولیس اور ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون نے اطلاع دی ہے کہ بعض دیگر تنظیموں نے بھی 12جنوری کو مکہ مسجد میں جلسہ میلادالنبی ؐ کے انعقاد کی اجازت طلب کی ہے۔

اگر کسی ایک تنظیم کو اجازت دی جاتی ہے تو امن و ضبط کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے لہذا انہوں نے کسی بھی تنظیم کو مکہ مسجد میں جلسہ کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی۔ اس معاملہ کا جائزہ لینے کے بعد اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے 12جنوری کو جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کو دی گئی اجازت کو منسوخ کردیا ہے۔ یہ فیصلہ امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری کیلئے کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 12جنوری کو مکہ مسجد میں کسی بھی تنظیم کو جلسہ کے انعقاد کی اجازت نہ دیں۔