حکومت نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ دو دن میں اعلان متوقع
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران مکہ مسجد میں جلسہ یوم القرآن کی اجازت کے سلسلہ میں ابھی تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں فائیل چیف منسٹر کی منظوری کیلئے روانہ کی گئی اور منظوری میں مزید دو دن درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے جمعہ کو مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے مکہ مسجد میں جلسہ یوم القرآن کے انعقاد کی اجازت دی جاتی ہے۔ رمضان کے چار جمعہ میں دو جمعہ شہر کی مقامی جماعت اور ایک جمعہ مجلس بچاؤ تحریک کو الاٹ کرنے کی روایت ہے۔دوسرا جمعہ شہر کی ایک مذہبی تنظیم کو جلسہ کے انعقاد کیلئے مختص کیا جاتا ہے۔ ہر سال رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی الاٹمنٹ سے متعلق جی او جاری کردیا جاتا رہا لیکن اس بار جی او کی اجرائی میں تاخیر نہ صرف عوام بلکہ متعلقہ جماعتوں کیلئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ چونکہ جناب احمد ندیم نے رمضان سے عین قبل سکریٹری اقلیتی بہبود کے عہدہ کا جائزہ لیا لہذا ان تک یہ فائیل نہیں پہنچی۔ محکمہ میں موجود ماتحت عہدیداروں نے فائیل تیار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے دفتر کو روانہ کردی ہے۔ جناب احمد ندیم نے بتایا کہ وہ بہت جلد فائیل کی منظوری کیلئے مساعی کریں گے تاکہ متعلقہ جماعتوں اور تنظیموں کو جلسوں کے انعقاد کی تیاری میں سہولت ہو۔