حیدرآباد ۔ /20 اگست (سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکے کیس کی سماعت کا آج دوبارہ آغاز ہوا جس میں 5 گواہوں نے گواہی دی ۔ نامپلی کریمنل کورٹ کے فرسٹ ایڈیشنل میٹروپولیٹین سیشن جج جو نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت بھی ہے کے روبرو آج گواہ حاضر ہوکر اپنے بیانات قلمبند کروائے اور ان پر وکیل دفاع نے جرح کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالفاروق ، مقبول شریف ، شیخ مقبول احمد ، محمد اقبال اور ڈاکٹر خواجہ نصیرالدین نے این آئی اے کی خصوصی عدالت میں /18 مئی 2007 ء کو احاطہ مکہ مسجد میں پیش آئے بم دھماکے سے متعلق تمام تفصیلات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ وہ اس دھماکہ میں زخمی ہوگئے تھے ۔ 5 اگست کو مکہ مسجد دھماکہ کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تھا اور ملزمین کی غیرحاضری میں کیس کی سماعت جاری ہے۔