مکہ مسجد بم دھماکہ کے خاطیوں کو کیفرکردار تک پہونچانے میں حکومت ناکام

از سر نو تحقیقات پر زور ، تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کی اقلیتی کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے اقلیتی سل نے ریاستی صدرنشین اقلیتی کمیشن جناب محمد قمر الدین سے ملاقات کرتے ہوئے مکہ مسجد بم دھماکہ کیس کے ضمن میںایک تحریری یادواشت پیش کی ۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی اقلیتی سل محمد تاج الدین کی قیادت میںنائب صدر عبدالرحیم‘ جنرل سکریٹری زبیر عمودی‘نائب صدر انیس الرحمن‘محمد طاہر‘ شیخ رفیع احمد‘ علی بن سعید الگتمی اور دیگر نے چیرمین اقلیتی کمیشن سے اپنی تحریری نمائندگی میںکہا کہ مکہ مسجد بم دھماکوں کے متعلق خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میںحکومت تلنگانہ پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مکہ مسجدبم دھماکوں کے ضمن میںاین آئی اے کی جانچ سے نہ صرف قصور وار لوگوں کوبچنے کا موقع ملا ہے بلکہ بے قصور لوگوں کے بھی حوصلے پست ہوئے ہیں۔ٹی ڈی پی اقلیتی سل کے قائدین نے این آئی اے کی جانچ اور عدالت کے فیصلے سے اقلیتوں میں پائی جانے والی تشویش کو حکومت تلنگانہ کے لئے لمحہ فکر قراردیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے فیصلے عدلیہ پر سے عوام کا اعتماد ختم کردینے کا سبب بن سکتے ہیں۔یادواشت کے ذریعہ قائدین نے مطالبہ کیا کہ مکہ مسجد بم دھماکہ کے متاثرین کے ساتھ انصاف رسانی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں فوری طور سے اپیل دائر کرے‘ اور خاطیوں کے خلاف کڑی کاروائی کے ذریعہ ریاست کے مسلم اقلیت میںپائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کاکام کیاجائے۔ چیرمین کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے تلگودیشم قائدین نے کہاکہ وہ تلگودیشم پارٹی کی نمائندگی کے تحت مکہ مسجد بم دھماکہ کے ضمن میںکی گئی این آئی اے کی تحقیقات کے ذمہ داران کی جوابدہی کویقینی بنانے کاکام بھی کرے۔اس موقع پررکن اقلیتی کمیشن ارشد علی خان بھی موجود تھے۔