مکہ مسجد بم دھماکہ کیس : دو گواہوں پر جرح

حیدرآباد 5 اگسٹ (سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکے کیس کی سماعت کے دوسرے دن دو گواہوں نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے اپنے بیانات قلمبند کروائے ۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی این آئی اے کی جانب سے آج دو گواہوں مسعود علی بیگ جو مکہ مسجد کے اٹنڈر ہیں اور محمد عبدالقادر کو عدالت میں پیش کیا جہاں پر وکیل دفاع نے ان پر جرح کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسعود علی بیگ نے /18 مئی 2007 ء کو تاریخی مکہ مسجد میں پیش آئے بم دھماکے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے عدالت میں اپنا بیان قلمبند کروایا جبکہ وکیل دفاع مسٹر راج وردھن ریڈی نے اس گواہ پر جرح کیا ۔ اسی طرح ایک اور گواہ محمد عبدالقادر پر بھی جرح کیا گیا اور انہوں نے بم دھماکے کے بعد احاطہ مسجد سے ضبط کئے گئے اشیاء بشمول جائے نماز اور دیگر اشیاء کی برآمدگی سے متعلق گواہی دی ۔ واضح رہے کہ کیس کی سماعت کے پہلے دن مکہ مسجد کے منیجر محمد منان اور حسینی علم پولیس اسٹیشن کے ہیڈکانسٹبل مرزا عبداللہ بیگ پر وکیل دفاع نے جرح کیا تھا ۔ کل اس کیس کی سماعت کا دوبارہ آغاز ہوگا اور مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے ۔