حکومت سے جلد فیصلہ کی توقع، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر کی حکومت سے نمائندگی
حیدرآباد۔۔یکم مارچ۔( سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے حکومت تلنگانہ کو تجویز پیش کی کہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کو باقاعدہ تجویز روانہ کردی اور توقع ہے کہ حکومت جلد ہی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کرلے گی۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں اور ان کے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد جناب جلال الدین اکبر نے یہ تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے زیر کنٹرول ان دونوں اہم مساجد کے ملازمین کی تنخواہیں انتہائی کم ہیں اور دیگر مساجد کے مقابلہ اضافہ ناگزیر ہے۔ ان دونوں مساجد میں خطیب، امام اور مؤذن کے علاوہ دیگر عملے کی تنخواہوں کو دوگنا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے جناب جلال الدین اکبر نے حکومت کو مکتوب روانہ کیا۔ وہ اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود اس تجویز کو منظوری دیتے ہوئے بجٹ جاری کریں گے تاکہ جلد سے جلد اضافی تنخواہوں پر عمل آوری کا آغاز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی مرمت اور تزئین نو کے سلسلہ میں بھی وہ اقدامات کریں گے۔ وہ بہت جلد دونوں مساجد کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لیں گے اور ملازمین کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت بھی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے سلسلہ میں ہمدردانہ موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی اداروں کی تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں تقسیم آخری مرحلہ میں ہے۔ حج کمیٹی کے سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت سے یادداشت مفاہمت پر دستخط باقی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے خدمات انجام دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تقسیم کا عمل بھی آخری مرحلہ میں ہے جبکہ وقف بورڈ کی تقسیم کا کام مرکزی وزارت اقلیتی بہبود نے اپنے ذمہ لیا ہے اور جلد ہی وقف بورڈ دونوں ریاستوں میں منقسم ہوجائے گا۔