حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے مکہ مسجد ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلہ کو حل کرنے کی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ اقلیتی بہبود ملازمین کے ساتھ ہی مکہ مسجد اور شاہی مسجد ملازمین کی تنخواہیںفراہم کی جائیں ۔ آج یہاں ڈپٹی چیف منسٹرکیمپ آفس سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد خواجہ نعیم الدین کے ہمراہ مکہ مسجد ملازمین کے وفد سے ملاقات کے بعد انہوں نے چیف سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل کو دیگر سرکاری ملازمین کی طرح مذکورہ دونوں تاریخی مساجد کے عملے کو تنخواہیںفراہم کرنے کی سختی کے ساتھ ہدایت دی۔ انہوں نے دودن قبل روزنامہ سیاست میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ اقلیتی بہبود کی لاپرواہیوں کا خمیازہ حکومت تلنگانہ کو بھگتنا پڑرہا ہے جبکہ مکہ مسجد ملازمین کے مسائل سے حکومت پوری طرح واقف بھی نہیںہے۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں کے طریقہ کار پر کام کرنے سے باز رہنے کا محکمہ اقلیتی بہبود کے ذمہ داران کو سختی کے ساتھ انتباہ دیا ۔حکومت کی نگرانی میںدو شاہی مساجد ہیں جن کی موثر انداز میں نگرانی حکومت تلنگانہ کی ہی ذمہ داری ہے۔جناب محمد محمودعلی نے مکہ مسجد اورشاہی مسجد باغ عامہ ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلہ کے مستقل حل کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود اور فینانس کے ذمہ داران کے ہمراہ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرنے چیف سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود ریاست تلنگانہ کوہدایت دی۔انہوں نے مکہ مسجد اورشاہی مسجد ملازمین کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ناانصافی کے ذمہ دارعہدیدار کو شکایت ملنے کے ساتھ ہی معطل کرنے کا بھی انتباہ دیا۔