حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو2لاکھ 4ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ مالیاتی سال 2014-15کے غیر منصوبہ جاتی مصارف کے تحت یہ رقم مختص کی گئی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس سلسلہ میں آج جی او آر ٹی 51جاری کیا۔ رمضان المبارک کے دوران ملازمین کی جانب سے بہتر خدمات کے عوض میں انہیں بطور نذرانہ ایک ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مد کے تحت بجٹ میں 3لاکھ 30ہزار روپئے مختص کئے گئے تھے جن میں ایک لاکھ 26ہزار روپئے پہلے ہی جاری کردیئے گئے۔ مابقی 2لاکھ 4ہزار روپئے آج جاری کئے گئے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ کو اس رقم کے حصول اور تقسیم کا مجاز قرار دیا گیا ہے۔ وہ مقررہ مدت کے دوران رقم کی تقسیم سے متعلق رپورٹ حکومت کو پیش کریں گے۔