چینائی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سے سیاست داں بننے والے کمل ہاسن نے گزشتہ ہفتہ ان کی جانب سے لانچ کئے گئے ’’مکل نیدھی میّم‘‘ کے موقع پر تقریباً ایک لاکھ حامیوں کی شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ صحافتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انہوں نے اپنے حامیوں خاص کر عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کی شرکت پر بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تائید پر شکریہ کا اظہار کیا۔ کمل ہاسن نے اس موقع کو اپنے لئے ایک مثالی توانائی اور مکمل ڈسپلین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی اُمیدوں پر کھرا اُترنے کی پوری کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ کمل ہاسن نے 21 فروری 2018ء کو اپنی سیاسی پارٹی ’’ایم این ایم‘‘ قائم کرتے ہوئے سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے۔ ان کی پارٹی ٹیم میں ماہرین تعلیم، سابق آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران، مصنفین اور اداکار شامل ہیں۔