مکتہ المکرمہ میں ہالی ڈے اِن کی وسیع ترین ہوٹل کی تعمیر

دوبئی ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام): دنیا کی وسیع ترین ہالی ڈے ان ہوٹل جس میں زائد از 5000 کمرے ہوں گے ۔ وہ سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مکتہ المکرمہ جاریہ سال کے اواخر میں کام کرنا شروع کردے گی ۔ اطلاعات کے مطابق ہوٹل میں جملہ کمروں کی تعداد 5154 بتائی گئی ہے ۔ جو ہوٹل کی پانچ ٹاورس پر مشتمل عمارت میں موجود ہوں گے ۔ ہالی ڈے ان مکہ ابراج التاثیر ہوٹل اس ہوٹل کا بھی ریکارڈ توڑ دے گی جو مکاؤ میں واقع ہے اور جسے بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہے ۔ اس ہوٹل میں 1224 کمرے ہیں ۔ انٹر کانٹیننٹل ہوٹلس گروپ (IHG) نے المجد العربیہ کمپنی کے ساتھ ہوٹل کے لیے معاہدہ پر دستخط کئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔ مذکورہ ہوٹل کے 1650 کمرے جاریہ سال کے اواخر تک مہمانوں کے لیے کھول دئیے جائیں گے جب کہ مابقی 3500 کمروں کو مہمانوں کے لیے قابل استعمال بنانے میں مزید تین سال کا عرصہ لگ جائے گا ۔ دریں اثناء المجد العربیہ کمپنی کی نمائندگی کرنے والے سلمان الفریس نے بتایا کہ ہوٹل کے پہلے دو ٹاورس کا جاریہ سال کے اواخر تک افتتاح کرنے کے لیے ہم بے چین ہیں اور انشاء اللہ نومبر ، دسمبر تک اس کا افتتاح ہوجائے گا ۔

دوسری طرف انڈیا اینڈ ایم ای اے کے چیف آپریشن آفیسر پاسکل گوائن نے بتایا کہ اب جب کہ مذہبی طور پر یہاں آنے والے ( عازمین عمرہ ) جن کا سلسلہ سال بھر جاری رہتا ہے اور اس کے بعد حج بیت اللہ کا سلسلہ شروع ہوتا ہے لہذا مذہبی فرائص انجام دینے والوں کے لیے انفراسٹرکچر میں بہتری پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ خصوصی طور پر مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کو ہم ترجیحی طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ عازمین حج کی تعداد میں بھی تقریبا دو گنا اضافہ ہوجائے گا ۔ 2013 میں دو ملین عازمین یہاں آئے تھے جب کہ 2025 تک عازمین کی تعداد پانچ ملین ہوجائے گی ۔ دوسری طرف مسٹر سلمان نے ایکبار پھر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہالی ڈے ان مکہ سعودی عرب کی ہاسپٹالیٹی صنعت میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا ۔ ہوٹل حرم شریف سے صرف 900 میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے جس سے وہاں قیام کرنے والے مہمانوں کو تمام مذہبی مقامات کا بہ آسانی نظارہ ہوسکے گا ۔ آئی ایچ جی دنیا کا اعظم ترین ہوٹل گروپ ہے جو 25 ہوٹلس ( فی ہوٹل 5000 کمرے ) انٹرکانٹیننٹل ، کراؤن پلازہ اور ہالی ڈے ان برانڈس کے ذریعہ سعودی عرب میں اپنی موجودگی کا احساس دلا رہا ہے ۔۔