بارہ بنکی ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع بارہ بنکی کے موضع بھتولی کلاں میں ایک مکان کی چھت منہدم ہوجانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک اور دیگر 2 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سترک پولیس اسٹیشن کے حدود میں اس وقت پیش آیا جب پڑوس کے مکان کی دیوار ان کے مکان کی چھت پر گرپڑی ۔ جس کے باعث چھت بیٹھ جانے سے محو خواب 5 افراد ہلاک ہوئے ۔ مہلوکین کی بحیثیت ریحانہ (25 سال ) ان کا بیٹا شاداب ( 9 ماہ ) دختر تانیسا ( 7 سال ) ماما شمشاد ( 65 سال ) اور بھانجی ریشما ( 18 سال ) شناخت کرلی گئی ۔ دیگر 2 زخمی افراد کو ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ۔ ضلع انتظامیہ نے سوگوار خاندان کو امداد فراہم کی ہے ایک اور واقعہ علاقہ رام نگر کے سدھا میاؤ گاؤں میں پیش آیا جہاں پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرجانے سے 3 افراد زخمی ہوگئے ۔۔
حکومت کی جانب سے پارلیمانی جمہوریت کی تحقیر : کانگریس
نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حصول اراضی آرڈیننس کے دوبارہ اجراء سے ظاہر ہوتا ہیکہ حکومت پارلیمانی جمہوریت تحقیر کررہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی بعض سرمایہ داروں کے حامی ہیں۔ یہی وجہ ہیکہ سابقہ آرڈیننس کی تنسیخ سے صرف ایک دن قبل نیا صدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سرجے والا نے مرکزی حکومت پر یہ الزام عائدکیا۔