کلیولینڈ (یو ایس)۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک مکان میں آگ لگنے کی وجہ سے تین افراد ہلاک ہوئے جن کی نعشوں کو آج آتش فرو عملہ نے مکان سے باہر نکالا جبکہ ایک چھوتے شخص کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔ اسی دوران محکمہ فائربریگیڈ کے ترجمان مائک نورمن نے کہا کہ مکان آتشزدگی کیوجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور اندر جانے کے لیے بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے حفاظتی آلات کا استعمال کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں آگ لگنے کے ثبوت اکٹھا کرنے کے لیے وہاں موجود کسی بھی جلی ہوئی اشیاء سے چھیڑچھاڑ بھی نہیں کی جاسکتی کیوں کہ پولیس کو تحقیقات کا آغاز کرنا ہے۔ تین نعشیں آگ لگنے کے 14 گھنٹے کے بعد دستیاب ہوئیں اور چوتھی نعش کو حاصل کرنے کے لیے مکان کے بیشتر حصہ کو منہدم کنا پڑے گا۔ تحقیقات کے دوران فی الحال صرف یہ انکشاف ہوا ہے کہ جس وقت مکان میں آگ لگی اس وقت ایک 46 سالہ شخص، اس کا 3 سالہ بیٹا اس کی 8 سالہ پوتی اور اس شخص کا 44 سالہ بھتیجہ مکان میں موجود تھے جو باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوئے جبکہ مذکورہ شخص کی بیوی دوسری منزل کی کھڑکی سے چھلانگ لگانے کے بعد بچ گئی تاہم وہ بھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ کلیولینڈ میں آتشزدگی کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں اور فائر بریگیڈ عملہ کو ہمیشہ چوکس رہنا پڑتا ہے۔