کانگریس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی، گاندھی بھون میں کودنڈا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /5 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے کہا کہ کسانوں کے قرضہ جات 12 ہزار کروڑ نہیں، بلکہ 22 ہزار کروڑ ہیں۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان کانگریس کودنڈا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی اور ترقیاتی و فلاحی کاموں کی انجام دہی میں حکومت سے تعاون کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے کل گجویل اسمبلی حلقہ میں عہدہ داروں کو کاؤنٹر کھولنے اور 5000 مکانات کی تعمیر کے لئے درخواستیں قبول کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کا کانگریس خیر مقدم اور چیف منسٹر سے استفسار کرتی ہے کہ تلنگانہ کے دیگر 118 اسمبلی حلقوں میں یہ کاؤنٹرس کب کھولے جائیں گے؟۔ کودنڈا ریڈی پردیش کانگریس کسان کھیت سیل کے انچارج بھی ہیں، انھوں نے کہا کہ کل بنکرس کا اجلاس طلب کرنے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گجویل میں منعقدہ جلسہ عام میں ایک سال میں ایک لاکھ روپئے کے حساب سے 12 ہزار کروڑ روپئے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ بنکرس کے حاصل کردہ 20 ہزار کروڑ روپئے کے قرضہ جات ہیں۔ اس کے علاوہ کمرشیل اور کوآپریٹیو بینکوں سے مزید دو ہزار کروڑ روپئے کسانوں نے قرض حاصل کیا ہے، اس طرح کسانوں پر 22 ہزار کروڑ روپئے قرض ہے۔ انھوں نے کہا کہ دس ہزار کروڑ روپئے کم کرکے صرف 12 ہزار کروڑ روپئے کا قرض بتایا جا رہا ہے اور قرض معافی کے لئے شرائط نافذ کرکے کسانوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنے فیصلہ پر نظرثانی نہیں کرتی تو اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔