مکانات کو ڈیجیٹل نمبرات الاٹ کرنے کی تیاری

اندرون پانچ ماہ اندراج کو مکمل کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ /23 مئی (سیاست نیوز) ریاست کے تمام میونسپل کارپویشنس اور میونپسلٹیز میں گھروں کو ڈیجیٹل ڈور نمبرس مختص کئے جائیں گے ۔ مع بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ریاست کی 67 بلدیات کے 34.5 لاکھ مکانات کو ڈیجیٹل ڈور نمبرس الاٹ کئے جانے والے ہیں جس کی خصوصیت یہ ہے کہ ہر ایک مکان کو مکان نمبر کے ساتھ ساتھ بار کوڈ اور کوڈ بھی ہوتے ہیں ، ریاستی سطح پر تمام چھوٹے اور بڑے بلدیات میں ڈیجیٹل ڈور نمبرس الاٹمنٹ کے تمام کام پانچ ماہ کے اندر مکمل کرلئے جائیں گے ۔ سب سے پہلے محکمہ بلدی نظم و نسق ڈائرکٹر ( سی ڈی ایم اے) کی نگرانی میں موجود 67 بلدیات اور نگر پنچایت میں واقع مکانات کو ڈیجیٹل نمبرات الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ریاستی وزیر کے ٹی آر کے احکامات کے مدنظر جی ایچ ایم سی کے حدود میں آنے والے تمام مکانوں کو بھی ڈیجیٹل ڈور نمبرس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی میں 22 لاکھ مکانات ہیں تو کارپوریشنس اور میونسپلٹیز میں 12.5 لاکھ مکانات ہیں ۔ ڈور نمبرس ڈیجیٹلائیزیشن پروگرام تلنگانہ میونسپل ڈیولپمنٹ پروگرام (ٹی ایم ڈی پی) کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ مکانات کو ڈیجیٹل نمبرات الاٹ کرنے سے نہ صرف پتہ بآسانی مل سکے گا بلکہ اس کے دیگر کئی اہم فوائد ہیں ۔ ڈیجیٹل ڈور نمبرس سے متعلق سی ڈی ایم اے نے سوریہ پیٹ میں آزمائشی طور پر آغاز کیا تھا اور یہاں یہ کام کامیاب ہونے کی وجہ سے ریاستی سطح پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ریاست میں جی ایچ ایم سی کے علاوہ تمام بلدیات میں 12.5 لاکھ مکانات کو جیو ٹیاگنگ کیا گیا ہے سب سے پہلے ان مکانات کو ڈیجیٹل ڈور نمبرس الاٹ کئے جائیں گے اور اس پروجکٹ کو روبہ عمل لانے کیلئے ٹنڈرس بھی طلب کئے گئے ہیں اور بہت جلد ٹنڈرس کی کارروائی مکمل کرکے ڈیجیٹل ڈور نمبرس الاٹ کئے جائیں گے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق ڈائرکٹر ٹی کے شری دیوی نے بتایا کہ ریاست میں 5 میونسپل کارپوریشن اور 67 میونسپلٹیز میں ڈیجیٹل ڈور نمبرس کی فراہمی سے متعلق ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔