مکانات و عمارتوں کی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں کا حصول آسان

اندرون 30 یوم اُمور کی تکمیل، ایچ ایم ڈی اے سے تالابوں کی نشاندہی کا آغاز
حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں اب مکانات و عمارتوں کی تعمیر کے لئے اجازت ناموں کا حصول انتہائی آسان ہوجائے گا۔ 4 ہزار مربع میٹر سے کم رقبہ پر تعمیر کی صورت میں درخواست گذار آن لائن درخواستیں داخل کرتے ہوئے اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جوکہ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں ہے اور دونوں اداروں نے اِس بات کا تہیہ کیا ہے کہ گراؤنڈ پلس 3 عمارتوں کے لئے آن لائن درخواستیں وصول کرتے ہوئے اندرون 20 یوم تمام اُمور کی تکمیل کردی جائے اور درخواست گذار کو دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑے۔ عمارتوں کی تعمیر کیلئے درخواست دینے والے افراد کو اب آن لائن درخواست داخل کرنے والوں کیلئے صرف فارم ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے منظوری کا مکتوب حاصل کرنا ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقے جو ایچ ایم ڈی اے حدود میں شامل ہیں، اُن علاقوں میں موجود تالابوں کے تحفظ اور اُن کے اطراف متعین کردہ حدود کا جائزہ لینے کے علاوہ دیگر اُمور کی انجام دہی بھی آن لائن کرلی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب حیدرآباد میٹرو پولیٹن اتھاریٹی کی جانب سے دونوں شہروں میں موجود تالابوں کے شکم کی نشاندہی کے علاوہ اِن تالابوں کو تباہی سے بچانے کے لئے پانی جمع ہونے کے راستوں کی ازسرنو نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے۔ تعمیر کیلئے داخل کی جانے والی آن لائن درخواستوں کی اندرون 20 یوم یکسوئی کے لئے بتایا جاتا ہے کہ تمام درکار دستاویزات اور فیس کی ادائیگی کے بعد اِس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ مذکورہ جائیدادیں تالابوں کے شکم یا تالابوں کے قریب تو نہیں ہیں اُس کے بعد ہی تعمیری اجازت ناموں کی منظوری عمل میں لائی جائے گی۔