مڈ ڈے میلس اسکیم کے لیے عمدہ چاول کی سربراہی پر زور

عہدیداروں کو کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مڈ ڈے میلس اسکیم کے لیے عمدہ قسم کے چاول کی سربراہی پر خصوصی توجہ دیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مڈ ڈے میلس اسکیم پر عمل درآمد کے لیے سرکاری ہاسٹلس کو تقریبا 1.20 لاکھ میٹرک ٹن ، بی پی ٹی چاول ، 5024 ٹن سونا مسوری چاول سربراہ کررہی ہے ۔ عمدہ قسم کے چاول کے معیار کے بارے میں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ اس لیے تمام کلکٹرس اور جوائنٹ کلکٹرس کو اس سلسلہ میں ہدایات جاری کئے گئے ہیں ۔ اسکولس ، ہاسٹلس کو عمدہ قسم کے چاول کی تقسیم کو مزید شفاف ، جوابدہ اور ذمہ دار بنانے کے نظریہ سے تفصیلی رہنمایانہ خطوط جاری کیے گئے ہیں ۔ محکمہ تعلیم سے بھی کہا گیا ہے کہ ان کے تمام فیلڈ اسٹاف کو رہنمایانہ خطوط سے آگاہ کیا جائے تاکہ اس اسکیم پر موثر عمل درآمد ہو ۔۔