مڈ مانیر ڈیم کی تعمیر سے متاثرین کیلئے 45 کروڑ روپئے مختص

حیدرآباد 28 جولائی ( آئی این این ) حکومت تلنگانہ نے مڈ مانیر ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے کسانوں کیلئے 45 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس پراجیکٹ کے متاثرین کیلئے معاوضہ کا جائزہ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ فوری بنیاد پر 2 لاکھ روپئے ان خاندانوں کیلئے جاری کئے جائیں گے جو اپنے مکانات کا تخلیہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ان کی نئی آبادیاں بسائی جائیں گی اور باز آبادکاری کی کالونیاں تعمیر کی جائیں گی وہاں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بازآبادکاری کے کاموں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جانا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مڈ مانیر پراجیکٹ میں 10 ٹی ایم سی کی گنجائش ہے اور اس کے نتیجہ میں تقریبا 80,000 ایکڑ اراضیات کو سیراب کیا جاسکتا ہے ۔