مچھیروں کی گرفتاری پر حکومت ہند خاموش تماشائی: جیہ للیتا

چینائی۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا نے آج مرکز کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جہاں سری لنکا میں ہندوستانی مچھیروں کی گرفتاری پر حکومت کار ویہ بالکل سرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند آخر ہاتھ پر ہاتھ رکھے کیوں بیٹھی ہوئی ہے جبکہ سری لنکا کی بحریہ ہندوستانی مچھیروں کے ساتھ حکمانہ اور ظالمانہ برتاؤ کررہی ہے، اور اس طرح کئی بے قصور مچھیروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ 6جنوری کی تاریخ کے ساتھ جیہ للیتا نے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں واضح کیا ہے کہ مچھیروں کی گرفتاری سے ریاست تملناڈو کے عوام میں کافی برہمی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے اپنے مکتوب میں مچھیروں کی حالیہ گرفتاری کے واقعہ کی جانب وزیر اعظم کی توجہ مبذول کروائی اور کہا کہ وزیر موصوف کی مداخلت کے بغیر اب کچھ نہیں ہوسکتا۔سری لنکائی بحریہ کے افسران بے قصور ہندوستانی مچھیروں کا خلیج پالک میں تعاقب کرتے ہیں اور گرفتار کرلیتے ہیں جبکہ ان کا کوئی قصور نہیں ہوتا۔ سری لنکا کی بحریہ کے ان اقدامات کو یقیناً وہاں کی حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے جبکہ دوسری طرف حکومت ہند نے بھی ان بے قصور مچھیروں کی جانب سے اپنی آنکھیں پھیرلی ہیں اور اب تک خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اگر حکومت کو گرفتار شدہ مچھیروں اور ان کے ارکان خاندان کو درپیش مشکلات کا ذرہ برابر بھی احساس ہوتا تو حکومت نے اب تک مچھیروں کی رہائی کے لئے موثر اقدامات کئے ہوتے۔ یہ مچھیرے بے حد غریب ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت اُن کے ہی کاندھوں پر ہ۔ اگر انہیں اس طرح جیل میں ڈال دیا گیا تو اُن کے خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے۔

سچترا سین مصنوعی تنفس پر
کولکتہ۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) علیل معمر اداکارہ سچترا سین ہنوز خطرے سے باہر نہیں ہیں اور ہاسپٹل کے انتہائی نگہداشت کے کمرے میں انہیں مزید کچھ روز رکھا جائے گا۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ 82سالہ اداکارہ کو ہنوز مصنوعی تنفس کی ضرورت ہے اور انہیں مکمل طور پر خطرے سے باہر قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ڈاکٹرس نے کہاکہ آکسیجن کی بڑھتی اور گھٹتی ضرورت کی ڈاکٹرس مسلسل نگرانی کررہے ہیں حالانکہ مجموعی طور پر ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے لیکن خطرہ اب تک ٹلا نہیں ہے۔