مچھلی پٹنم میں تلگودیشم لیڈر کا بہیمانہ قتل

وائی ایس آر کانگریس کے حامیوں پر شبہ
مچھلی پٹنم /11 مئی (این ایس ایس) کوتہ پوڈی، منڈل بندار کے تلگودیشم لیڈر پی راما راؤ کو چرچ کے قریب تلواروں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔ راما راؤ ہفتہ کی رات مچھلی پٹنم گئے تھے اور اپنے کام کی تکمیل پر گاؤں لوٹ رہے تھے کہ چرچ کے قریب چند افراد نے ان کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر پھینکا اور تلواروں سے حملہ کرکے بہیمانہ انداز میں ہلاک کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واردات پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ سرکل انسپکٹر آف پولیس این وی وی ایس مورتی نے شبہ ظاہر کیا کہ سیاسی یا ذاتی وجوہات اس قتل کے محرک ہو سکتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل راما راؤ کی اہلیہ اس گاؤں میں سرپنچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے راما راؤ کے قتل پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ مسٹر نائیڈو نے کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کو مورد الزام ٹھہرایا، جنھوں نے انتخابات میں شکست کے خوف سے یہ انتہائی اقدام کیا۔ انھوں نے خاطیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔