مچرلہ میں 11ہزار ایکر اراضی پر فارما سٹی کے قیام کا فیصلہ

حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ضلع رنگاریڈی کے ’ مچرلہ‘ علاقہ میں 11 ہزار ایکر اراضیات کے رقبہ پر ’ فارما سٹی ‘ کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں اور فارما کمپنیوں کے نمائندوں کے ہمراہ خصوصی ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ مچرلہ علاقہ کا دورہ کرکے تفصیلی معائنہ کیا۔ فضائی سروے کرتے ہوئے فارما سٹی کے قیام کیلئے مچرلہ علاقہ کی اراضیات کو موزوں و مناسب قرار دیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ نے ’’ حیدرآباد فارما سٹی ‘‘ کے نام سے فارما سٹی کا قیام عمل میں لانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اسی علاقہ میں بہت جلد فارما سٹی کا قیام عمل میں آتے ہی فارما یونیورسٹی، فارما ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ماحولیات دوست عالمی معیار کے ساتھ فارما سٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مقام پر فارما کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین وغیرہ کیلئے ٹاؤن شپ بھی تعمیر کی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ فارما سٹی کے قیام سے کسی بھی قسم کی ماحولیاتی آلودگی پیدا نہ ہونے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ اس فارما سٹی کی وجہ سے اس علاقہ میں ماحولیاتی آلودگی سے متاثر نہ ہونے جیسے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ فارما سٹی ’ زیرو لیکویڈ ڈسچارج ادارہ ‘ کے ساتھ کام کرے گی۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ مقامی فارما کمپنیاں خود فارما سٹی میں 30ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے کمپنیاں قائم کرنے کیلئے پہل کررہی ہیں اور ان کمپنیوں کے قیام سے راست یا بالواسطہ طور پر 70 ہزار تعلیم یافتہ بیروزگار افراد کو اس فارما سٹی کے ذریعہ روزگار ( ملازمتوں ) کے مواقع فراہم ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ مذکورہ مقام کا تفصیلی معائنہ و دورہ کرنے والے فارما کمپنیوں کے مالکین نے بھی مجوزہ فارما سٹی کے مقام کو دیکھنے کے بعد مسرت کا اظہار کیا۔

اسی دوران چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فارما سٹی کا قیام عمل میں لانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کا آغاز کرنے اور کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی۔اس کے علاوہ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے اضلاع محبوب نگر، نلگنڈہ اور رنگاریڈی کے حدود میں زائد از دس ہزار ایکر سرکاری اراضی پائی جانے سے متعلق چیف منسٹر کو واقف کروایا۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ دورہ کرنے والوں میں مسرس بی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ، ٹی کرشنا ریڈی رکن اسمبلی مہیشورم، متیا پرنسپال سکریٹری محکمہ ریونیو، پردیپ چندرا پرنسپال سکریٹری انڈسٹریز، نرسنگ راؤ، پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر، جیش رنجن منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ آئی آئی سی، بی پارتھا سارتھی ریڈی، کے رتناکر ریڈی ہیٹیرو، کے ستیش ریڈی ( ڈاکٹر ریڈیز ) کے علاوہ نتیاننندا ریڈی ( اربندو) ایم نارائنا ریڈی ( ویرکو ) بی ایشور ریڈی ( بی ڈی ایم اے ) ایم ایس این ریڈی، ایم ایس این لیابس، سنتوشی ( وی وی میڈ) ڈاکٹر ایس آنند( ساگر گروپ ) ایم موہن راؤ جیسے فارما کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ دیگر شامل تھے۔