مَیں کسی سے بھی نہیں ڈرتا : چندر ا بابو

’’پون کلیان ، کانگریس ، وائی ایس آر قائدین جیسی باتیں نہ کریں ‘‘
وجئے واڑہ۔ 28 اگست (پی ٹی آئی) تلگو دیشم پارٹی کے سی بی آئی سے خوف زدہ ہونے سے متعلق جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کے ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ وہ کسی سے بھی خوف زدہ نہیں ہوتے۔ پون کلیان نے گزشتہ روز اپنے خطاب کے دوران اگرچہ براہ راست چندرا بابو نائیڈو کا نام تو نہیں لیا تھا لیکن چندرا بابو نے آج راست طور پر ان (پون) کا نام لیتے ہوئے ان ریمارکس کا جواب دیا۔ چندرا بابو نے کہا کہ ’’پون کلیان کو یاد رکھنا چاہئے کہ میں کسی سے بھی نہیں ڈرتا اور آپ (پون کا وائی ایس آر کانگریس یا کانگریس قائدین کے انداز میں بات کرنا درست نہیں ہوگا‘‘۔ پون کلیان نے گزشتہ روز تروپتی میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا تھا کہ آخر وہ کیا چیز ہے کہ تلگو دیشم پارٹی اپنی ریاست کو خصوصی موقف کے جائز مطالبہ پر لڑنے سے پس و پیش کررہی ہے۔ کلیان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’غالباً وہ (تلگو دیشم قائدین) اس بات پر خوف زدہ ہیں کہ جدوجہد کی صورت میں مرکزی حکومت ان کے خلاف سی بی آئی کو استعمال کرے گی اور سوال کیا تھا کہ’’آیا  اب بھی یہ چھپانے کی ضرورت ہوگی کہ آپ لوگ خوف زدہ ہورہے ہیں‘‘۔