نئی دہلی۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مذہبی قائدین، فلم اسٹارست اسپورٹس پرسنس، بزنسمین، ریٹائرڈ ججس، مسلح افواج کے سابق سربراہان، تقریباً 60 ممالک کے سفراء کے علاوہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین توقع ہے کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے سہ روزہ لیکچر سیریز میں شرکت کریں گے۔ جس کا یہاں آئندہ ہفتہ انعقاد عمل میں آئے گا۔ آر ایس ایس کے سینئر کارکنوں نے کہا کہ 17 تا 19 ستمبر موہن بھاگوت کے سہ روزہ لیکچررس ’’بھارت کا مستقبل : آر ایس ایس کا نظریہ‘‘ ایونٹ کیلئے تقریباً 500 معززین کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے۔ اس ایونٹ کے تیسرے دن ایک انٹریکٹیو سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔ سنگھ کے ایک کارکن نے کہا کہ یہ مختلف مسائل پر سنگھ کے نظریہ سے واقف کروانے اور اس کے کام اور نظریہ کے بارے میں غلط فہمیوں کو دُور کرنے کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہوگا۔ اس لئے یہ محسوس کیا گیا کہ اس ایونٹ میں تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والوں مدعو کیا جائے۔ دعوت نامے روانہ کرنے کے کام میں مصروف سنگھ کے ایک اور کارکن نے کہا کہ اس فہرست میں تمام مذاہب کے مذہبی رہنماؤں، فلم اسٹارس، اسپورٹس پرسنس، میڈیا کی شخصیتوں ریٹائرڈ ججس اور آرمڈ فورسیس کے سابق سربراہان کے نام شامل ہیں اور ان تمام کو اس ایونٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامے روانہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائد از 60 ممالک کے سفیروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ آر ایس ایس نے یہ اشارہ دیا کہ اس کی جانب سے اس ایونٹ میں صدر کانگریس راہول گاندھی، سی پی آئی (ایم) جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا جائے گا۔ قبل ازیں آر ایس ایس پرچار پرامک ارون کمار نے کہا کہ اس لیکچر سیریز کا اہتمام ہندوستان کے مستقبل کے تناظر میں کیا جارہا ہے اور اس میں موہن بھاگوت قومی اہمیت کے مختلف مسائل پر سنگھ کے نظریات کے پیش کریں گے۔