تمام شہری ہندو ہونے کے ریمارک پر مختلف قائدین کا رد عمل
نئی دہلی 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر آج غیر بی جے پی جماعتوں نے شدید تنقید کی جنہوں نے کل کہا تھا کہ تمام ہندوستانی ہندو ہیں ۔ کئی سیاسی قائدین نے سوال کیا کہ آیا آر ایس ایس سربراہ واقعی دستور ہند سے واقف ہیں اور اس میں یقین رکھتے ہیں یا نہیں ؟ ۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ بھاگوت کو دستور کا مطالعہ کرلینا چاہئے جس میں واضح طور پر تحریر ہے کہ ہمار ملک ریاستوں کا مجموعہ بھارت ہے اور لفظ ہندوستان کہیں بھی استعمال نہیں کیا گیا ہے ۔ سی پی ایم کے سیتارام یچوری نے کہا کہ بھاگوت کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ آیا وہ دستور میں یقین رکھتے ہیں یا نہیں ۔ انہوں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ ہمارے دستور میں ملک کا نام بھارت ہے ہندوستان نہیں ۔ جے ڈی یو کے سربراہ شرد یادو نے کہا کہ ہندوستان نے آزادی کے بعد سے اب تک کا سفر دستور میں یقین کے ذریعہ ہی پورا کیا ہے اور اس کا مستقبل بھی اسی راستہ پر گامزن ہونے میں ہے ۔ بی ایس پی سربراہ و سابق چیف منسٹر یو پی مایاوتی نے بھاگوت پر تنقید کی اور کہا کہ انہیں دستور ہند کی مناسب معلومات نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب امبیڈکر نے دستور تحریر کیا تو انہیں یہ پتہ تھا کہ ملک میں کئی مذاہب کے مانے والے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے بھارت نام تحریر کیا اور لفظ ہندوستان کا استعمال نہیں کیا ۔