موگا کا واقعہ بھی خدا کی مرضی کے تابع پنجاب کے وزیر تعلیم کا متنازعہ تبصرہ

موگا 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے وزیر تعلیم سرجیت سنگھ اکھرا نے موگا کے واقعہ پر غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے جنھوں نے اس واقعہ کو خدا کی مرضی سے تعبیر کیا۔ اس واقعہ میں حکمران بادل خاندان کی ملکیت والی ایک بس میں ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ دست درازی کے بعد باہر پھینک دینے سے وہ ہلاک ہوگئی تھی۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ کوئی بھی اس طرح کے واقعات کو روک نہیں سکتا جو کچھ بھی ہوتا ہے، خدا کی مرضی سے ہوتا ہے اور ہم بھی اکثر و بیشتر حادثات سے دوچار ہوتے ہیں اور لڑکی کے ساتھ پیش آیا واقعہ بھی بدبختانہ تھا اور کوئی بھی خدا کی مرضی کے خلاف نہیں جاسکتا۔ اُنھوں نے متوفیہ کے افراد خاندان کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ بس مالکین کے خلاف کارروائی اور خاطر خواہ معاوضہ ادا کیا جائے بصورت دیگر مہلوک لڑکی کی آخری رسومات انجام نہیں دی جائیں گی۔ دریں اثناء ایس ایس پی موگا جتندر سنگھ کھیرا نے بتایا کہ لڑکی کی آخری رسومات کے معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ مہلوک لڑکی کی نعش سنگھ والا گاؤں کے ایک مردہ خانہ میں محفوظ کردی گئی ہے۔