چندی گڑھ 7 مئی ( پی ٹی آئی ) پنجاب و ہریانہ ہائیکورٹ نے آج حکومت پنجاب کو ہدایت دی کہ وہ موگا دست درازی معاملہ میں بس عملہ کے خلاف کی گئی کارروائی پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرے ۔ علاوہ ازیں عدالت نے حکام سے کہا کہ وہ ریاست میں بس آپریٹرس بشمول بس مالکین کی تفصیلات بھی پیش کریں۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور لیسا گل نے پنجاب چیف سکریٹری ‘ ڈی جی پی ‘ ٹرانسپورٹ کمپنی آربٹ اوئیشن کے مالکین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 مئی تک جواب داخل کرنے کو کہا ہے ۔ اسی کمپنی کی بس میں دست درازی کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے کہا کہ بس کے ڈرائیور ‘ کنڈکٹر اور دوسرے ملازمین کے خلاف کیا گئی کارروائی پر رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے حکومت سے بس آپریٹرس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ موگا واقعہ پر زبردست ہنگامہ ہوا تھا اور پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن نے اسے موضوع بحث بنایا تھا ۔