موگابے کی سالگرہ، پرتعیش تقریبات پر شدید تنقید

موگادیشو۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کی 92 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی پرتعیش تقریبات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دنیا کے معمر ترین حکمران موگابے کی طرف سے ان تقریبات کا اہتمام ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب بدحالی کے شکار اس افریقی ملک کو شدید قحط سالی کا سامنا بھی ہے۔ ناقدین کے مطابق صدر موگابے کو ملکی حالات کے تناظر میں ان تقریبات کو بہت سادہ رکھنا چاہیے تھا۔ 36 برسوں سے زمبابوے میں صدر کے عہدے پر فائز موگابے گزشتہ اتوار کو 92برس کے ہو گئے تھے تاہم باقاعدہ تقریبات کا انعقاد اس ویک اینڈ پر کیا جا رہا ہے۔
جان لینن کی بیوہ اسپتال میں داخل
لاس اینجلس۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ماضی کے شہرہ آفاق گلوکار اور مقتول آرٹسٹ جان لینن کی بیوہ یوکو اونو کو خرابی صحت کی وجہ سے لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ جاپان سے تعلق رکھنے والی یوکو اونو خود بھی ایک گلوکارہ، موسیقار اور گیت نگار ہیں۔ ان کے ایک نمائندے نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ تراسی سالہ اونو کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں زکام سے ملتی جلتی طبی علامات کے بعد ہسپتال داخل کرایا گیا ہے اور وہ جلد ہی گھر لوٹ جائیں گی۔