مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ کی تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت
حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے ملک گیر سطح پر گاڑیوں (بالخصوص کاروں وغیرہ) کو من مانی طور پر روبرو اور عقبی حصہ میں بمپرس کے سامنے زائد فولادی و اسٹیل پائپس لگانے پر پابندی عائد کردی ہے اور اس سلسلہ میں مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے ملک کی تمام ریاستی حکومتوں کو واضح احکامات جاری کئے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ گذشتہ کئی برسوں سے ملک گیر سطح پر لاکھوں افراد (گاڑی مالکین) اپنی گاڑیوں کو روبرو اور عقبی حصہ میں بمپروں کے سامنے اسٹیل پائپس (سلاخیں) زائد لگارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ ٹریفک اژدھام والی سڑکوں پر جانے کے دوران عقبی حصہ سے (پیچھے سے) گاڑیوں کو ٹکر دینے کی صورت میں بمپرس متاثر نہ ہونے یعنی نقصان نہ پہنچنے کیلئے زائد سلاخیں لگائی جارہی ہیں، لیکن ان سلاخوں کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو مار لگنے وغیرہ کے باعث کئی اموات کے واقعات پیش آنے کی مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ کو متعدد شکایتیں وصول ہوئی تھیں۔ کئی گاڑیوں کو سائز سے بھی زائد سلاخیں (پائپس) وغیرہ لگانے کے نتیجہ میں ہی مختلف حادثات کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ لہٰذا اس کے واقعات کا انسداد کرنے کیلئے مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے تمام ریاستی حکومتوں کے متعلقہ ٹرانسپورٹ عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال اور غوروخوض کے بعد زائد سلاخیں لگانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فوری بعد مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں کو زائد فٹنگس پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ریاستی حکومتوں کو احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہیکہ سال 1988ء کے سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ (قانون) کے سیکشن 152 کے تحت مذکورہ پابندی عائد کرتے ہوئے جاری کردہ احکامات میں وضاحت کی گئی اور یہ احکامات مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے تمام ریاستی حکومتوں کو جاریہ ماہ 7 ڈسمبر کو ہی جاری کئے۔ اسی دوران جوائنٹ کمشنر ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر رمیش نے مذکورہ احکامات کی اجرائی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو وصول ہونے کی توثیق کی اور کہا کہ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کی جانب سے گاڑیوں کے زائد فٹنگس (زائد سلاخوں) کو نکال دینے کو یقینی بنانے کیلئے بہت جلد اقدامات شروع کردیں گے۔