موٹروہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی پر انتباہ

نمبر پلیٹ تیار کرنے والے تاجرین کے اجلاس سے اڈیشنل کمشنر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3اپریل ( سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے نمبر پلیٹ تیار کرنے تاجرین کا ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت نمبر پلیٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک انیل کمار کی زیرقیادت اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں انیل کمار نے دونوں شہروں کے کئی نمبر پلیٹ تیار کرنے والے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ سنٹرل موٹر وہیکلس رول 1989ء کے تحت گاہکوں کے نمبر پلیٹ تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فینسی حروف کے نمبر پلیٹ تیار نہ کریں ۔جب کہ اصلی آر سی بُک دیکھنے کے بعد ہی گاہکوں کے نمبر پلیٹ تیار کریں ۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے نمبر پلیٹ تیار کرنے والے تاجرین کا ایک سرکیولر بھی جاری کیا جس میں انہیں انتباہ دیا گیا کہ غیرقانونی اور موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے نمبرپلیٹ تیار کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر انیل کمار نے کہا کہ سال 2017ء میں غیر مجاز نمبر پلیٹ رکھنے والے افراد کے خلاف 36ہزار 632مقدمات درج کئے گئے تھے جب کہ 2018ء میں 71,324 مقدمات درج کئے گئے تھے اور جاریہ سال 31مارچ تک 17,486 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک ۔1 مسٹر ایس ایل چوہان اور دیگر عہدیداران موجود تھے ۔