موٹاپے اور دل کی بیماریوں سے نجات کا انتہائی آسان نسخہ

جدید ترین تحقیق نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال نہ صرف موٹا ہونے سے بچاتا ہے بلکہ یہ ہمارے دل کو بھی محفوظ رکھنے کا انتہائی آسان نسخہ ہے۔
میڈیکل سائنس کے مشہور ترین میگزین پوسٹ میڈیکل جنرل میں شائع ہونے والی جدید ترین تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنی کلوریز کو گننے کی بجائے سبزیاں، پھل، زیتون کے تیل اور خشک میوہ جات کھانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے جو نہ صرف دل کی بیماریوں اوراسٹروک سے محفوظ رکھتی ہیں بلکہ موٹاپے کو کنٹرول کرنے کا باعث بھی بنتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق یہ غذائیں کم فیٹس رکھنے والے غذاؤں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں، میگزین میں لکھے گئے ایڈیٹوریل میں خبردار کیا گیا ہے کہ ڈائٹنگ صحت کے لئے نقصان دہ ہے اس کی بجائے کھانے پر توجہ دی جائے۔
تحقیق پر کام کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پھل، سبزیاں، زیتون کا تیل، میوہ جات تیزی سے وزن کم کرتے ہیں اورایسی غذائیں کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ تیزی سے کولیسٹرول کم کرتی ہیں جس سے وزن میں کمی واقع ہو تی ہے جب کہ سائنس دانوں نے برطانوی محکمہ صحت پر زور دیا ہے کہ وہ بھی اس قسم کی غذائیں اسپتالوں میں فراہم کریں۔