موٹاپا بیماری نہیں ، خوشحالی کی علامت

۔37 تا 73 سال عمر کے مردوں پر تحقیق ، تحقیقاتی جرنل میں انکشاف
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) موٹاپے سے پریشان لوگوں کے لئے صحت کے متعلق مضامین شائع کرنے والے جرنل میں شائع ایک تحقیق میں یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ موٹاپا بیماری نہیں ہے بلکہ خوشحالی کی علامت ہے لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ موٹاپے کے سبب کئی امراض لاحق ہوتے ہیں۔بین الاقوامی جرنل میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ موٹاپے کی بنیادی وجہ صرف غذائیت میں بے قاعدگی نہیں ہے بلکہ غذائیت سے بھرپور اشیائے خورد و نوش کا استعمال کرنے والے بھی موٹاپے کا شکار ہیں ۔تحقیق میں کئی حوالہ دیتے ہوئے یہ ادعا کیا گیا ہے کہ موٹاپے کی وجوہات میں خوشحالی بھی انتہائی اہم وجہ ہے جو کہ انسان کو تفکرات سے آزاد کردیتی ہے جس کے سبب انسان میں موٹاپا فروغ پانے لگتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تحقیق کنندگان نے 37تا73 سال کے مردوں پر اپنی تحقیق کی ہے اور اس میں یہ پایا گیا ہے کہ موٹاپے کا شکار افراد زیادہ تر خوشحال ہوتے ہیں اور انہیں اپنی خوشحالی میں مگن رہنا ہوتا ہے۔انسانی صحت کو بہتر بنانے کیلئے یہ اکثر دیکھا جاتا رہاہے کہ لوگ ورزش سے موٹاپے کو دور کرنے کی کوشش کر تے رہتے ہیںلیکن اس کے باوجود وہ اپنے جسم کو بہتر نہیں بناسکتے جس کے سبب ان میں نقاہت پیدا ہونے لگتی ہے جبکہ موٹاپے کو اختیار کرتے ہوئے اپنی ضرورت کے مطابق اشیاء کے استعمال کے عادی افراد ان کے برعکس انتہائی مطمئن اور خوشحال ہوتے ہیں اور خود کو تفکرات سے آزاد رکھے ہوئے ہوتے ہیں۔تحقیق میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ موٹاپے کا شکار لوگ اکثر مطمئن رہتے ہیں اور ان کے اطمینان کے سبب ان کا بلڈ پریشر بھی قابو میں ہوا کرتا ہے جبکہ موٹاپے کا شکار افراد جلد ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسے امراض میں مبتلاء ہوجاتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ اپنی خوشحالی اور اطمینان کے سبب اپنی ان بیماریوں پر قابو رکھے ہوئے ہوتے ہیں۔اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موٹاپے کے سبب ہونے والی بیماریوں کے باوجود ان میں مبتلاء افراد کی خوشحالی اور اطمینان بخش زندگی گذارنے کا راز بھی ان کا موٹاپا ہی ہے ۔اس حیرت انگیز تحقیق کو دنیا بھر کے سرکردہ ذرائع ابلاغ اداروں میں جگہ حاصل ہوئی ہے۔