مولانا محمد اقبال کا بری ہونا قانون کی فتح:ارشد مدنی

نئی دہلی ،4فروری۔(سیاست ڈاٹ کام)جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے گذشتہ9سال سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے زندگی گذار رہے مولانا محمد اقبال کو نا کافی ثبوتوں کی بنیاد پر آج لکھنو کی خصوصی عدالت کے ذریعہ باعزت بری کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ لکھنؤ جیل میں قائم خصوصی عدالت کے جج سید آفتاب حسین رضوی نے آج استغاثہ کی جانب سے پیش تمام ثبوتوں کو مسترد کر تے ہوئے مولانا کو تمام الزامات سے با عزت بری کر دیا۔یہاں جاری ایک ریلیز میں مولانا مدنی نے کہا ہے کہ اب انہیں سپریم کورٹ میں زیر غور اس معاملے پر فیصلے کا انتظار ہے جس میں اکشر دھام پرحملہ کے معاملے سے ملزمین کو بری کر دئے جانے کے بعد خاطی پولس افسران کو سزا دلانے اور ن کی تنخواہوں اور پینشن سے رقم کاٹ کر معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔