مولانا عبدالقوی کی رہائی کیلئے سرگرم ٹیم پر حملہ

نئی دہلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالم دین مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کو حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔ مہاراشٹرا جمعیتہ العلماء کے صدر حافظ ندیم صدیقی کی کار کو ٹرک نے ٹکر دے دی، جس کے نتیجہ میں حافظ ندیم صدیقی اور دیگر زخمی ہوگئے۔ مولانا عبدالقوی کی رہائی کیلئے قانونی راہ تلاش کرنے کے مقصد سے مہاراشٹرا، آندھراپردیش اور گجرات جمعیتہ کے کارکن کوشش کررہے ہیں

چنانچہ حافظ صدیقی نے وکلاء کی ٹیم کے ساتھ حیدرآباد میں مختلف ماہرین سے تبادلہ خیال کیا جس کے بعد وہ اس ٹیم کے نگران پٹھان تہور خاں ایڈوکیٹ کے ہمراہ ذریعہ کار واپس ہورہے تھے کہ ناندیڑ سے قریب ایک ٹرک نے دانستہ طور پر کار کو سامنے سے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں حافظ ندیم صدیقی کے علاوہ ایڈوکیٹ تہور خاں اور ڈرائیور عبدالقیوم زخمی ہوگئے۔ ٹرک ڈرائیور نے راہ فرار اختیار کی جبکہ زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ ناندیڑ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔