مولانا عبدالقوی سے کرائم برانچ کی پوچھ گچھ

حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) ناظم مدرسہ اشرف العلوم مولانا عبدالقوی کو احمد آباد کرائم برانچ نے اپنی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل خصوصی پوٹا عدالت کی جانب سے 14دن کی پولیس تحویل منظور کئے جانے پر کرائم برانچ کے عہدیداروں نے مولانا کو اپنی تحویل میں لیکر کرائم برانچ کے دفتر منتقل کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مولانا عبدالقوی کو کرائم برانچ کے حکام پولیس تحویل کے پہلے دن کئی غیرضروری سوالات کرکے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ مولانا سے بعض افراد کو ملاقات کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور ان کے وکیل محمد شجاع اللہ خاں ایڈوکیٹ اور رکن قانون ساز کونسل جناب حافظ پیر شبیر احمد کے فرزند جناب صابر علی نے بھی مولانا سے کرائم برانچ کے دفتر میں ملاقات کی۔ واضح رہے کہ خصوصی پوٹا عدالت نے مولانا کو 14دن کیلئے پولیس تحویل میں دیتے ہوئے بعض شرائط بھی عائد کئے جن میں ان کے وکیل کو روزانہ ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔