چیف منسٹر کے سی آر سے مقامی جماعت کے قائدین کے ساتھ ملاقات پر بروقت فیصلہ
حیدرآباد۔یکم ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے صدر نشین کی حیثیت سے مولانا رحیم الدین انصاری کو نامزد کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تقرر سے متعلق احکامات پر دستخط کئے۔ رحیم الدین انصاری دوسری مرتبہ صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رحیم الدین انصاری نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ ٹی آر ایس کی حلیف مقامی جماعت کے قائدین کے ہمراہ اس ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا اور اسی وقت چیف منسٹر نے تقرر کو منظوری دے دی۔ جناب رحیم الدین انصاری 2006 تا2009 کانگریس دور حکومت میں صدر نشین اردو اکیڈیمی کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ چیف منسٹر نے ان سے خواہش کی کہ وہ اردو زبان کی ترقی و ترویج میں اہم رول ادا کریں اور نئی اسکیمات کا آغاز کریں۔ جناب رحیم الدین انصاری نے صدر نشین اروو اکیڈیمی کے عہدہ پر تقرر کیلئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ جس طرح سابق میں انہوں نے اردو زبان و ادب کی خدمت کی نئی میعاد میں اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 اردو کمپیوٹر سنٹرس ان کے دور میں قائم کئے گئے تھے۔ دینی مدارس میں کمپیوٹرس کی تقسیم عمل میں آئی اور ارد و میڈیم طلباء کے تعلیمی وظائف میں اضافہ کیا گیا۔ تعلیمی وظائف کے تحت 23.40 کروڑ تقسیم کئے گئے۔ ان کے دور میں مرقع چغتائی کی اشاعت عمل میں لائی گئی جو اردو اکیڈیمی کا کارنامہ ہے۔