مولانا اکبر نظام الدین کی ضمانت منظور

حیدرآباد ۔29 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) شہر کی مقامی عدالت نے مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ نامپلی کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت سی بی سی آئی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مولانا اکبر نظام الدین کے وکیل نے شہر کی مقامی عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے وقف بورڈ کی اس کارروائی پر اعتراض کیا اور سی بی سی آئی ڈی تحقیقات پر روک لگانے کی درخواست کی۔ عدالت نے بحث کی سماعت کے بعد ضمانت کو منظوری دیدی ہے۔ تاہم انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ تحقیقاتی افسر کے طلب کئے جانے پر رجوع ہوں ۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ مقامی عدالت نے تحقیقات پر حکم التواء جاری نہیں کیا لہذا تحقیقاتی عمل جاری رہے گا۔

آفات سماوی سے متاثرہ کسانوں کی مدد کرنے بینکوں کو چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد 29 مئی (پی ٹی آئی) ریاست آندھرا پردیش میں گذشتہ پانچ سال کے دوران سلسلہ وار آفات سماوی کے باعث کسانوں کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔ چیف سکریٹری پی کمار موہنتی نے آج بینکوں سے کہا کہ وہ کسانوں کی ہر ممکنہ مدد کریں۔ یہ بیان اس وقت آیا جب بینکوں نے کسانوں کی جانب سے قرضہ جات کی عدم ادائیگی کی شکایت کی۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے قرض معاف کئے جانے کے وعدوں کے باعث کسان اپنے قرض ادا نہیں کررہے ہیں۔