مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کا آج آغاز

حیدرآباد ۔ 7 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے پانچ روزہ یوم آزاد تقاریب منانے کا اعلان کیا ہے جس کی افتتاحی تقریب ترانہ کی رسم اجراء سے شروع ہوچکی ہے ۔ 8 نومبر کو صبح 10 بجے پالی ٹیکنیک بلڈنگ میں آزاد ٹیک فیسٹیول منعقد ہوگا، 11 بجے دن ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں اسٹاف چلڈرن کلچرل اینڈ اسپورٹس پروگرام منعقد ہوگا ۔ شام 6 بجے اوپن ایر تھیٹر میں رنگ ترنگ کے عنوان سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ کا کلچرل پروگرام ہوگا ۔ 9 نومبر کو صبح 7 تا 9 بجے ’’رن فار ایجوکیشن اینڈ اردو‘‘ بائیوڈیورسٹی پارک تا یونیورسٹی منعقد ہوگی۔ 10 نومبر کو 11 بجے دن یونیورسٹی میں جناب سعید نقوی معروف صحافی کا خصوصی لکچر بعنوان ’’مولانا آزاد ایک عظیم دوراندیش‘‘ منعقد ہوگا ۔ اسی دن خون کے عطیہ کا کیمپ صبح 10 بجے شروع کیا جائے گا اور 3 بجے سے سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں ’بیت بازی‘ کے مقابلے منعقد ہوں گے ۔ شام 7 بجے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں مولانا آزاد کے قلم سے ڈرامہ پیش کیا جائے گا ۔ جس میں ٹام آلٹر نے مولانا آزاد کا کردار ادا کیا ہے ۔ 11 نومبر کو یوم پیدائش مولانا آزاد کے موقع پر ’’یوم آزاد‘‘منعقد کیا جائے گا جس میں جناب نسیم احمد صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔