موغادیشو میں کار بم دھماکہ اور ہوٹل میں فائرنگ

موغادیشو ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطحی موغادیشو ہوٹل میں جہاں کئی ارکان پارلیمنٹ مقیم ہیں، کئی افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کار بم دھماکہ مصروف سڑک پر ایمبسیڈر ہوٹل کے پاس ہوا جو شہر کے قلب میں واقع ہے۔ عینی شاہدین کے بموجب کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم درست تعداد کا پتہ نہیں چل سکا۔ القاعدہ سے مربوط الشباب گروپ کو 2011ء میں موغادیشو سے نکال باہر کیا گیا تھا لیکن یہ اب بھی صومالیہ اور پڑوسی ملک کینیا کیلئے سنگین خطرہ بنا ہوا ہے اور اکثر حملے کیا کرتا ہے۔ آج کے حملہ کا شبہ بھی اسی تنظیم پر کیا جارہا ہے۔