موضوعاتی مشاعرہ بعنوان ’’حالات حاضرہ‘‘

حیدرآباد۔ یکم ؍ فبروری (راست) دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں آج سنجیدہ و مزاحیہ مشاعرہ بعنوان ’’حالات حاضرہ‘‘ منعقد ہوا، جس میں شعراء کرام مسرس شاہ نواز ہاشمی، ولی محمد زاہد ہریانوی، یوسف الدین یوسف، قابل حیدرآبادی، انجنی کمار گوئل، اطیب اعجاز، ڈاکٹر شکیل حیدر کے علاوہ مزاحیہ شعراء قمر رضا، امیر نصرتی، فریدسحر، سردار اثر، وحید پاشاہ قادری اور شاہد عدیلی نے کلام پیش کیا۔ مشاعرہ کا آغاز عبدالقدوس ایڈوکیٹ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب اطیب اعجاز نے اپنی نظامت کے ذریعہ مشاعرہ میں توازن برقرار رکھا۔ سامعین داد و تحسین سے نواز رہے تھے۔ دوران نظامت اپنے شعر پیش کرکے داد حاصل کیا۔ مہمان خصوصی جناب حامد حسین شطاری نے اپنے خطاب میں معاشرہ میں اصلاح کی ضرورت پر زور دیا اور اصلاح کے پہلو کس طرح میسر ہوں گے ان کی جانب توجہ دلائی اور جناب سید کریم الدین شکیل نے سیاسی رسہ کشی کی جانب توجہ مبذول کروائی۔ مہمان خصوصی جناب عوض بن محفوظ کی گلپوشی صدر مشاعرہ جناب زاہد علی خاں نے کی۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل مہمان جو دوحہ ، قطر سے تشریف لائے تھے ، نے صدر مشاعرہ جناب زاہد علی خان کا اور عثمان بن محمد الہاجری کا اور خاص طور پر محترم نظام مشاعرہ جناب اطیب اعجاز کا شکریہ ادا کیا۔ جناب محمد شرف الدین قیصر اور جناب سید طارق قادری ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔