حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر محنت و روزگار ، بنڈارو دتاتریہ نے تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں سنسد آدرش گرام یوجنا ( ایس اے جی وائی ) کے تحت دو مواضعات کو حاصل کرتے ہوئے ترقی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ دو مواضعات میں ایک سنور جو سری وینکٹیشورا ٹیمپل اور دوسرا انارم شریف جو درگاہ کی وجہ سے مشہور ہے ۔ ایس اے جی وائی پروگرام کے اصل آئیڈیا میں منتخب آدرش گرامس کو صحت پر توجہ دیتے ہوئے صاف صفائی کے ذریعہ ، سرسبز و شاداب بناتے ہوئے پرسکون سماج میں تبدیل کرنا ہے ۔ قبل ازیں دو اڈاپٹ کردہ مواضعات جہاں ویلیج کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ، 4.5 کروڑ روپئے لاگتی سڑکوں کی تعمیر کے لیے درخواستیں ریاستی حکومت کو دی گئیں ۔ سنڈیکیٹ بینک کی برانچ کھولی گئی اور اسکول میں کمپیوٹرس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اب وزیر محنت و روزگار نے کولن پاک ویلیج واقع ضلع نلگنڈہ کو اڈاپٹ کیا ہے ۔ یہ موضع جین مندر کی وجہ بین الاقوامی شہرت رکھتا ہے ۔ مرکزی وزیر نے ہفتہ کو موضع کا دورہ کیا اور دوپہر میں کسانوں سے تبادلہ خیال کیا اور ان کو مطلوب ضروریات معلوم کیں اور خطاب کیا ۔۔مرکزی وزیر نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے اس بات کا عزم کیا کہ وہ جن مواضعات کا انتخاب کئے ہیں اس کو وہ بہرصورت ترقی دینے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مذکورہ مقامات کے عوام سے خواہش کی کہ وہ بھی اس کام کیلئے اپنا تعاون کریں۔