موسیٰ ندی بریجس کے زیریں حصے پر غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی

پولیس کی مدد سے فوری تخلیہ ، عارضی تعمیرات بھی برخاست ، اشوک ریڈی ایم ڈی موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن
حیدرآباد۔17مئی (سیاست نیوز) موسی ندی کے اوپر موجود پلوں کے نیچے غیر قانونی طور پر قابضین کی جانب سے تجارتی سرگرمیاں انجام دی جا رہی تھیں اور اب ان تجارتی سرگرمیوں کو بند کرواتے ہوئے انہیں وہاں سے فوری طور پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر کے اشوک ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی راست نگرانی میں شروع کی گئی کاروائی کے دوران اب تک موسی ندی پر موجود سالار جنگ برج کے نیچے جاری تمام تجارتی سرگرمیوں کو فوری اثر کے ساتھ بند کرنے کے اقدامات کو مکمل کرلیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں سے جاری یہ سرگرمیاں آئندہ 8یوم تک جاری رہیں گی اور شہر میں موجود تمام برجس کے نیچے مقیم افراد اور تجارتی سرگرمیوں کو انجام دینے والوں کا مکمل تخلیہ کروایاجائے گا۔ مسٹر اشوک ریڈی نے گذشتہ یوم سالارجنگ برج کے نیچے تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کی انجام دہی کی اطلاعات کی بنیاد پر دورہ کرتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کی اور متعلقہ پولیس عہدیداروں کو فوری جگہ پر طلب کرتے ہوئے سالار جنگ برج کے نیچے جاری ان سرگرمیوں کو برخواست کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔موسی ندی کے اوپر موجود برجس کے نیچے غیر مجاز طور پر رہائش اختیار کرنے کے علاوہ ان برجس کے نیچے کئی ایک غیر قانونی کام انجام دیئے جاتے ہیں جن میں ٹن کے ڈبوں کی تیاری کے علاوہ کئی ایسے کام شامل ہیں جو قانونی اعتبار سے ناجائز ہی نہیں بلکہ قابل گرفت ہیں لیکن موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کے دورہ کے دوران صرف صنعتی اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کی نشاندہی ہی ممکن ہوپائی اور اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ موسی ندی سے متصل کھلی اراضی پر برج کے نیچے باضابطہ قبضہ کرتے ہوئے عارضی تعمیرات کی گئی تھیں جنہیں عہدیداروں نے فوری برخواست کرتے ہوئے ان افراد کا وہاں سے تخلیہ کروادیا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قائم کئے گئے اس کارپوریشن کی جانب سے حالیہ دنوں میں کئے جانے والی کاروائیوں میں اس کاروائی کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہاہے کیونکہ چیف جسٹس ہائی کورٹ کی جانب سے موسی ندی کی صفائی اور ندی میں موجود گندگی کو دور کرنے کے سلسلہ میں طلب کئے گئے جائزہ اجلاس کے بعد سے محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے موسی ندی کو صاف کرنے کے اقدامات پر عمل آوری کے لئے جائزہ لیا جا رہاتھا ۔