حیدرآباد۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گزشتہ چند یوم کے دوران درجہ حرارت میں ہوئے کچھ اضافہ کے ساتھ ہی شاید محکمہ برقی نے عوام کو موسم گرما کے لئے تیار کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ موسم گرما کے دوران باضابطہ معلنہ برقی کٹوتی کے ذریعہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ برقی بچت کو یقینی بنانے کے لئے یہ اقدام کئے جارہے ہیں لیکن اس مرتبہ موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی محکمہ برقی کی جانب سے غیرمعلنہ برقی کی کٹوتی شروع ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 جنوری سے روزانہ تقریباً شہر کے ہر حصہ میں 2 تا 3 گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جارہی ہے اور استفسار پر یہ کہا جارہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں شاہ علی بنڈہ، مغلپورہ، سلطان شاہی، تالاب کٹہ، چندو لعل بارہ دری، کالا پتھر، خلوت، حسینی علم، پرانا پل، کشن باغ کے علاوہ سکندرآباد، گوتم نگر، صنعت نگر، ایرہ گڈہ کے علاقوں سے بھی اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ تقریباً روزانہ ہی برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے جس کی شکایات نہیں سنی جارہی ہے۔ حکومت اور محکمہ کی جانب سے متعدد مرتبہ اس بات کا اعلان کیا جاچکا ہے کہ وہ شہری علاقوں میں بلاوقفہ معیاری برقی سربراہ کررہی ہے لیکن روزانہ ہونے والی غیرمعلنہ برقی کٹوتی سے حکومت کے اقدامات اور حقیقی صورتحال واضح ہوتی ہے
مگر اس کے باوجود صارفین کی اس شکایت پر توجہ دینے میں محکمہ برقی کی کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے ماتحتین کو اس خصوص میں واضح زبانی ہدایت جاری کرچکے ہیں کہ وہ ابھی سے بلاوقفہ برقی سربراہی میں کٹوتی اور برقی بچت کے اقدامات کا آغاز کریں تاکہ آئندہ دنوں میں پیداوار اور طلب کے درمیان پیدا ہونے والے فرق کو کم کیا جاسکے۔ برقی عہدیداروں کا استدلال ہے کہ موسم گرما کے دوران شہری علاقوں میں برقی طلب میں زبردست اضافہ ہوتا ہے اور اسی کے پیش نظر برقی بچت اور طلب و پیداوار کو متوازن رکھنے کے لئے معلنہ برقی کٹوتی کی جاتی ہے۔ پرانے شہر کے ایک برقی عہدیدار نے بتایا کہ اس سال موسم سرما کے دوران سردی کی شدت کو دیکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگانا دشوار نہیں کہ آئندہ موسم گرما بھی بے حد شدید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال موسم گرما کے دوران برقی کی طلب میں زبردست اضافہ کا امکان ہے، اسی لئے زبانی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیرمعلنہ برقی کٹوتی کی انہوں نے توثیق کی۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری علاقوں میں برقی کٹوتی کے ذریعہ روزانہ کم از کم 100 میگاواٹ برقی بچاتے ہوئے اسے کسانوں کو فراہم کیا جائے تاکہ انتخابات سے قبل کسانوں کی حمایت کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔