ناریل پانی اور لیمو کا رس بہترین قدرتی مشروب، کولڈرنکس سے اجتناب ضروری
حیدرآباد۔/29مارچ ، ( سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران گرمی کی شدت و تپش میں کمی کیلئے قدرتی طریقہ کار و مشروبات کا استعمال انسانی صحت کیلئے بہترین ہوتا ہے۔ موسم گرما میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال عام بات ہے لیکن حالیہ دنوں میں برف اور پھلوں کے مشروبات کے متعلق منظر عام پر آئی رپورٹ کے بعد یہ حقیقت کھل چکی ہے کہ ٹھنڈے مشروبات بھی انسانی نظام مدافعت کیلئے بہتر نہیں ہیں۔ ناریل پانی اور لیمو پانی دو ایسے مشروبات ہیں جو بہ آسانی دستیاب بھی ہیں اور ان کے استعمال سے کوئی نقصان بھی نہیں ہے۔ شہر میں دستیاب مشروبات کی حقیقت تو انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن نے کھول دی ہے اس کا متبادل صرف ناریل پانی اور لیمو پانی ہوسکتے ہیں جو انسان کے نظام مدفاعت پر کوئی منفری اثر نہیں کرتے بلکہ ٹھنڈے مشروبات سے ہونے والے نقصانات سے حفاظت کا بھی باعث بنتے ہیں۔ کوکاکولا، پیپسی یا دیگر اس طرح کے برانڈس کے مشروبات کے متعلق ڈاکٹرس واضح طور پر کہنے لگے ہیں کہ یہ مشروبات انسان کے نظام ہاضمہ میں بگاڑ پیدا کرنے کے موجب ثابت ہورہے ہیں۔ جزوقتی راحت تو دے رہے ہیں لیکن طویل مدتی نقصانات کا سبب بننے لگے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ملک کے مختلف مقامات سے ناریل برآمد کیا جاتا ہے اور اکثر لوگ موسم گرما میں اس قدرتی ٹھنڈک سے استفادہ کو ترجیح دیتے ہیں۔ چونکہ ناریل میں نہ ملاوٹ کا کوئی خدشہ نہیں رہتا اور ناریل کی پیداوار یا اس کے ذائقہ کو تبدیل کرنے کیلئے اسے انجکشن وغیرہ دیئے جانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس طرح لیمو پانی دراصل ایک معمولی ٹھنڈک والا مشروب تصور کیا جاتا ہے لیکن اس میں موجود ذرات انسانی معدہ کو ٹھنڈک فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس موسم گرما کی شدت و دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلئے دہی یا گھریلو طرز پر تیار کردہ لسی و چھانچ بھی کافی فائدہ بخش ہیں جس سے انسانی اعضاء میں چستی و پھرتی پیدا ہوتی ہے۔ ناریل پانی، لیمو پانی، دہی، لسی اور چھانچ ایسے مشروبات ہیں جو انسانی جسم میں داخل ہوتے ہی اثر دکھانے لگتے ہیں اور موسم گرما میں جسم سے تیزی سے پانی کے اخراج کے سبب نظام مدافعت میں پیدا ہونے والی کمزوری کو فوری دور کرنے میں یہ مشروبات معاون ہیں۔ ڈاکٹرس نے ناریل پانی اور لیمو پانی کے استعمال کا مشورہ دینا شروع کردیا ہے چونکہ اب ڈاکٹرس خود یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ قدرتی طور پر یہی مشروبات ٹھنڈک کے لئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں اور اس سلسہ میں کئی رپورٹس بھی منظر عام پر آچکی ہیں کہ ناریل پانی اور لیمو پانی کے ساتھ دہی سے تیار کردہ مشروبات موسم گرما کے دوران کافی فائدہ بخش ثابت ہوتے ہیں۔ ان مشروبات کا زیادہ استعمال بھی کسی بڑے نقصان کا باعث نہیں بنتا بلکہ زیادہ استعمال سے سردی کی شکایت ہوسکتی ہے۔