موسم سرما میں کھڑکیوں اور دروازوں کا خاص طور سے جائزہ لیا جاتا ہے کہ وہ درست حالت میں ہیں بھی کہ نہیں ۔ کسی ٹوٹ پھوٹ کی صورت میں اس کی مرمت کروائی جاتی ہے تاکہ سردیوں میں انہیں صحیح طریقے سے بند کر کے گھر کو ٹھنڈ سے بچایا سکے ۔اگر گھر میں کسی کمرے میں ہلکے پردے لگے ہوں یا سرے سے موجود ہی نہ ہوں تو وہاں فوری طور پر بھاری پردے لگانے کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح موسم سرما کی سب سے اہم ضرورت گرم کپڑے ‘کمبل اور رضائیاں ہیں ۔ یہ ایسی چیزیں ہیں جن کو تھوڑا عرصہ استعمال کرنے کے بعد الماریوں میں یا صندوقوں میں سنبھال دیا جاتا ہے ۔ گرم اونی کپڑے اور لحاف وغیرہ بنانے پر موسم گرما کے کپڑوں کے مقابلے میں زیادہ لاگت آتی ہے ۔ لہذا انہیں ہمیشہ احتیاط سے رکھنا چاہئے ۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں کی سلیقہ شعار خواتین ان باتوں کا بہت خیال رکھتی ہیں ‘ یوں تو سردی کا موسم ہے اور موسم سرد ہوچکا ہے ۔ اس لئے اگر آپ نے گرم کپڑوں اور رضائیوں کو دھوپ نہیں لگوائی تو یہ کام پہلی فرصت میں انجام دیں ۔ سردیوں کے تمام کپڑے نکال کر چیک کریں اور بچوں کے سوئیٹر وغیرہ چھوٹے ہوگئے تو بازار جاکر خریدلیں کیونکہ سردی کی لہر کسی بھی وقت سب کا مزاج پوچھ سکتی ہے ۔ اس میں سب بچوں کا سب سے زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔
لہذا ان کے گرم کپڑے فوری تیار کرلیں ۔ اس کے علاوہ رضائیوں وغیرہ کے غلاف یا کور بدلنے کی ضرورت ہو تو انہیں اتار کر تبدیل کرلیں یا انہیں دھولیں لیکن اگر رضائیا ں اور کمبل بالکل نئے ہیں تب بھی رکھے رکھے ان میں بو سی آجاتی ہے لہذا انہیں دھوپ میں ڈالنا ضروری ہے ۔ اگر آپ کو نٹنگ کاشوق ہے تو خود ہی بازار سے اون خرید کر بچوں کیلئے رنگا رنگ اور خوبصورت سوئیٹر تیار کرلیں ۔ گوکہ اب سوئیٹر کا رواج تقریباً ختم ہوچکاہے مگر شوق سب کچھ سکھا دیتا ہے ۔ اسی طرح رضائیاں اور لحاف بھی گھرپر تیار کیا جاسکتا ہے اوریہاں پر بھی بات وہی شوق کی ہے کہ اگر آپ کو سینے پورانے کا شوق ہے تو رضائیاں وغیرہ بنانا خاص دلچسپ کام ہے ۔
شاید بہت سی خواتین کو یہ بات عجیب سی لگے گی کہ بھلا رضائیاں سینا دلچسپ کام کیسے ہوسکتا ہے ‘ تو ایسا وہی خواتین سوچ سکتی ہیں جن کو اپنے ہنر کو آزمانا نہ ہو ۔ لہذا آزمائش شرط ہے ۔ آپ کو خود اندازہ ہوجائے گا کہ مختلف ڈیزائنوں اور رنگ برنگے کپڑوں سے لحاف اور رضائیاں بنانا کتنا پُرلطف کام ہے ۔ شاید آپ کو علم نہ ہو لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس طرح کے اوڑھنے بچھونے تیار کرنا بھی ایک فن ہے ۔ ذرا اپنے ملک کی ثقافت اوریہاں کی روایات پر ایک نظر ڈالیں تو اندازہ ہوجائے گا کہ یہاں جابجا کیسے کیسے ہنر بکھرے ہوئے ہیں ۔ جو خواتین گھروں میں یہ چیزیں تیار کرتی ہیں ان کیلئے مزید اچھی بات یہ ہے کہ وہ گھروں پر رکھے ہوئے کپڑوں سے بہترین رضائیاں تیار کرلیتی ہیں ۔ سو‘ آپ بھی چاہیں تو یہ شوق پورا کرسکتی ہیں ‘ ورنہ مارکٹ میں موسم سرما کی ضرورت کے مطابق ہر شئے موجود ہے ‘ بس ! آپ کے پرس میں رقم موجود ہونی چاہئے ۔
٭٭ ٭ ٭٭